پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے سری لنکا میں خراب موسم کے خدشات کے پیش نظر ایشیا کپ 2023 کے میچز پاکستان منتقل کرنے کا امکان تجویز کیا ہے۔
ذکا اشرف نے یہ تجویز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد پیش کی جہاں انہوں نے سری لنکا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بارش سے متاثر ہونے والے میچوں پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین پی سی بی کا مؤقف سری لنکا میں موسم کی غیر یقینی صورتحال سے جڑا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ آنے والے دنوں میں موسم کا جامع جائزہ لینے کی وکالت کریں گے۔
اس کے حل کے طور پر انہوں نے ایشیا کپ کے میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز پیش کی اور خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ ضرورت پڑنے پر پاک بھارت میچز دبئی میں کھیلے جاسکتے ہیں۔
دریں اثنا ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچوں کو متبادل مقامات جیسے پالیکیلے یا ہمبنٹوٹا میں منتقل کرنے کا امکان ہے جو اصل میں 9 ستمبر کو کولمبو میں شیڈول تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل اور سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے درمیان جاری مذاکرات کی تصدیق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے کی ہے۔
عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس بارے میں کل یا پرسوں فیصلہ کیا جائے گا اور دمبولا ان مقامات میں شامل نہیں ہے جن پر غور کیا جارہا ہے۔
ذکا اشرف نے اس سے قبل ایشیا کپ کو ایک اہم کرکٹ ٹورنامنٹ کے طور پر اہمیت دینے پر زور دیا تھا اور بارش کی وجہ سے اس میں خلل کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
لہٰذا سری لنکا میں ناسازگار موسمی حالات کی صورت میں ان کا ماننا ہے کہ میچز پاکستان منتقل کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔
ذکا اشرف کی تجویز کے جواب میں جے شاہ نے صورتحال کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ کینڈی میں پاک بھارت میچ بارش کی وجہ سے کافی متاثر ہوا تھا جس کے نتیجے میں کوئی حتمی نتیجہ برآمد نہیں ہوا تھا۔
تاہم بھارت اور نیپال کے درمیان آج شیڈول میچ بھی بارش کی خراب صورتحال کی وجہ سے دھوئے جانے کا خطرہ ہے۔