اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین ظاہر شاہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ظاہر شاہ نے اپنا استعفیٰ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کو بھجوا دیا۔
اگرچہ ظاہر شاہ کے عہدے سے دستبرداری کے بارے میں نیب کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، لیکن نیب کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ظاہر شاہ نے اجلاس کے بعد اپنا استعفیٰ چیئرمین نیب کو جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ کو اینٹی کرپشن واچ ڈاگ میں ایک اور اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر ترقی پانے سے قبل ظاہر شاہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی اور ڈائریکٹر آپریشنز کے عہدے پر فائز تھے۔
سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد وہ قائم مقام چیئرمین نیب کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پراسیکیوٹر جنرل احتساب جسٹس (ر) سید اصغر حیدر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔
اصغر خان کی مدت کار فروری 2024 میں ختم ہونا تھی۔ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور رواں ماہ احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جانا تھا جو پراسیکیوٹر جنرل کی منظوری کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔
پی جی نے اپنا استعفیٰ چیئرمین نیب کو بھجوا دیا ہے اور یہ وزیراعظم ہاؤس میں موصول ہوا ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل نے ان کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کی حکومت نے فروری 2021 میں آرڈیننس کے ذریعے اصغر حیدر کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی تھی۔