لاہور (ویبڈیسک): پی ٹی آئی کی خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے الیکشن کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا۔چیف جسٹس کے نام لکھے گئے خط میں یاسمین راشد نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، اس بار ڈبوں میں جعلی ووٹ ڈالے گئے اور ضمنی الیکشن میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کر دیا گیا۔
یاسمین راشد نے خط میں مزید کہا 8 فروری کو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ لوگ عمران خان کو ووٹ دینے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں نکلیں گے، اتنے ظلم کے باوجود لوگ نکلے اور تحریک انصاف کو کامیاب کرایا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو مجبوراً اپنے ساتھیوں کے ساتھ فارم 47 کا سہارا لے کر حکومت بنانی پڑی، کوئی شرم کرو کوئی حیا کرو عوام کے ساتھ کتنا ظلم کریں گے، الیکشن کمیشن باندی بنا ہوا ہے، نہ پاکستان میں کوئی عزت رہی اور نہ بیرون ملک۔
یاسمین راشد نے اپنے خط میں چیف جسٹس سے ان معاملات کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔
یاد رہے کچھ دن قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام 4 صفحات پر مشتمل ایک خط لکھا تھا۔