لندن: انگلینڈ کے شہر ڈورسیٹ میں نو سالہ لوئس روبینیٹ نے 17 منٹ 40 سیکنڈ میں پانچ کلومیٹر دوڑ مکمل کرکے 6 سال قبل کیلیفورنیا میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو 13 سیکنڈ سے پیچھے چھوڑ دیا۔
پول رنرز کلب کے جونیئر رکن روبینیٹ کے ساتھ سینئر رکن ڈیون گارنر بھی موجود تھے کیونکہ 11 سال سے کم عمر کے بچوں کو اس ایونٹ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔
رضاکاروں کی جانب سے ہفتہ وار 5 کلومیٹر دوڑنے کے پروگرام ‘پارکرن’ کا آغاز 2004 میں جنوب مغربی لندن کے ایک پارک میں 13 دوستوں کے ایک گروپ کے ساتھ ہوا تھا۔
روبینیٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت دنیا میں سرفہرست ہوں، عالمی ریکارڈ توڑنا بہت بڑی بات ہے، میں پول رنرز میں اپنے خاندان اور ٹیم کی حمایت کے بغیر یہ نہیں کر سکتی تھی۔
پول رنرز نے کہا کہ روبینیٹ کے ریکارڈ نے نوجوان ایتھلیٹس کے لئے معیار بڑھا دیا ہے۔
کلب نے ایک بیان میں کہا کہ یہ صرف لوئس کی جیت نہیں ہے بلکہ یہ نوجوانوں کے کھیلوں کے لئے ایک نیا معیار ہے، جو دنیا بھر کے بچوں کو اعلی اہداف حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
