کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے متحدہ عرب امارات کی ایک اور ایئرلائن کو پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مسافروں کی سہولت کے لیے حکومت پاکستان نے ویز ایئر ابوظہبی کو پاکستان میں اپنی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ویز ایئر ابوظہبی کو اجازت دینے کا فیصلہ ترکش ایئرلائن سن ایکسپریس کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی اجازت دیے جانے کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔
ترکش ایئرلائنز اور لفتھانسا کے مشترکہ منصوبے سن ایکسپریس نے رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ملک میں آپریشن شروع کرنے کے لیے درخواست دے دی ہے۔
حال ہی میں ایتھوپین ایئرلائنز نے بھی مئی کے آغاز میں کراچی اور ادیس ابابا کے درمیان براہ راست فلائٹ آپریشن کا اعلان کیا تھا۔
ایتھوپین ایئرلائنز یکم مئی سے کراچی سے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ہفتے میں چار پروازیں چلائے گا۔
ایتھوپیا کی پرچم بردار فضائی کمپنی اس سے قبل 1966 سے 1971 کے درمیان اور پھر 1993 سے 2004 کے درمیان ادیس ابابا-کراچی روٹ چلاتی تھی۔