پی ٹی آئی نے 90 دن کے اندر انتخابات کرانے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آئین کی فتح قرار دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اپنے منقسم فیصلے میں گورنر خیبر پختونخوا کو صوبے میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا۔
فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کہا کہ یہ ایک متفقہ فیصلہ ہے کیونکہ جسٹس منصور علی شاہ نے بھی کہا تھا کہ جب لاہور ہائی کورٹ نے اس معاملے کو اٹھایا تھا اور فیصلہ دیا تھا کہ انتخابات 90 دن میں ہونے چاہئیں تو سپریم کورٹ کو اس پر ازخود نوٹس نہیں لینا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ بھی ہمارے موقف سے متفق ہیں، اور یہ آئین کی جیت ہے۔
فیصلے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو سپریم کورٹ کے باہر بولنے سے روکتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت کو پنجاب میں انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے کہا گیا ہے، جبکہ گورنر کو خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ طے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے وفاق کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی یا فنڈز کی فراہمی کے ساتھ ہر قسم کی مدد فراہم کرے۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے فیصلے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی فتح ہے، آئین کی جیت ہوئی ہے اور پاکستان کے عوام جیت گئے ہیں۔
انہوں نے پیش گوئی کی انشاء اللہ، پی ٹی آئی کے پی اور پنجاب میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔