پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے پی ٹی آئی چھوڑ کر ق لیگ میں واپسی کا اعلان کردیا۔
چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے 9 مئی کو ہونے والے تشدد کے واقعات کو اپنے فیصلے کی وجہ قرار دیتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ہاؤس میں اپنے بڑے بھائی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وجاہت حسین نے کہا کہ میں اور ان کے بیٹے چوہدری حسین الٰہی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے کسی کا نام لیے بغیر کہا، شاید وہ لوگ جنہوں نے (خاندان کے اندر) دراڑیں پیدا کیں، وہ اسے بھر رہے ہیں۔
چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کررہا ہے، ہماری فیملی کا کبھی بھی ایسا رویہ نہیں رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کوئی جماعت جوائن نہیں کی، وقت نے ثابت کیا ہمارے خاندان سے کچھ فیصلے درست نہیں تھے، خاندان کے کچھ لوگ جو دوسری پارٹی میں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔