امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے شمال میں واقع ایک مال میں ایک مسلح شخص نے شاپنگ کرنے والے آٹھ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک شخص نے راہگیروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد سیکڑوں افراد کو ایلن پریمیم آؤٹ لیٹس مال سے باہر نکالا گیا۔
ایک غیر متعلقہ کال پر ایک پولیس افسر نے فائرنگ کی آواز سن کر مسلح شخص کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک ہونے والوں میں کچھ بچے بھی شامل ہیں، کم از کم سات افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔
ایلن فائر بریگیڈ کے سربراہ جوناتھن بوئڈ نے بتایا کہ حملہ آور سمیت سات افراد کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ دو بعد میں اسپتال میں دم توڑ گئے۔
ایلن پولیس کے سربراہ برائن ہاروے کا کہنا تھا کہ مال میں موجود ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کی آوازسنی اور مشتبہ شخص کو ہلاک کر دیا۔
اسپتال کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی عمریں 5 سے 51 سال کے درمیان ہیں۔
کچھ عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح شخص سیاہ لباس میں ملبوس تھا اور جنگی لباس پہنے ہوئے تھا، حملہ آور کی ہلاکت کے بعد لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے آر 15 طرز کی رائفل اس کے جسم کے قریب پڑی ہوئی ہے۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے فائرنگ کے واقعے کو ناقابل بیان سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مقامی حکام کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
امریکی پولیس نے جائے وقوعہ سے لی گئی ویڈیو کے ساتھ عوام سے کہا ہے کہ وہ شواہد جمع کرتے ہوئے ایف بی آئی سے رابطہ کریں۔