امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے رواں ہفتے واشنگٹن میں ہونے والی ڈیموکریسی سمٹ سے دستبرداری کے پاکستان کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اسے اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے۔
واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے کا دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور پاکستان وسیع پیمانے پر مسائل پر مل کر کام کرتے ہیں، اور ہم مذہب کی آزادی سمیت جمہوریت، انسانی حقوق سے متعلق امور پر ان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ تعلقات باہمی طور پر فائدہ مند ہیں نہ کہ مسابقتی۔
ویدانت نے کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے پاکستان میں کیے جانے والے دہشت گرد حملوں میں اضافے کے بارے میں کہا پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی کوششوں سمیت سیکیورٹی کی گہری شراکت داری ہے، میں نے حالیہ حملوں کی وہی رپورٹیں دیکھی ہیں اور متاثر ہونے والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کروں گا۔