اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد پاکستان کی تمام جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد سے گریز کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے ایک بیان جاری کرکے پاکستانی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف کسی بھی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔
اقوام متحدہ نے امن کا مطالبہ کیا ہے اور تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ پرامن اجتماع کے حق کا احترام کریں جبکہ حکام عمران خان کے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اور قانون کی حکمرانی کی پاسداری کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور بدامنی پھیل گئی تھی۔
بیان میں حالیہ برسوں میں سیاسی عدم استحکام کے مسلسل واقعات کے پس منظر میں پاکستان میں مزید تشدد اور بدامنی کے امکان کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے کرپشن کیس میں پیرا ملٹری رینجرز نے گرفتار کیا تھا اور انہیں جیل وین میں بند کردیا گیا تھا، جس پر ان کی جماعت پی ٹی آئی کے حامیوں نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی رہائی کی درخواست پر ان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا۔