یوکرین کی افواج نے جنوبی علاقوں اوڈیسا اور میکولیو کی جانب داغے گئے روسی ڈرونز اور میزائلوں کو رات گئے مار گرایا جبکہ ماسکو نے اس ہفتے کے اوائل میں کریمیا پل پر حملے کے بعد بمباری میں اضافہ کیا تھا۔
یوکرین کی فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روس نے یوکرین کے علاقے میں کالیبر کروز میزائل اور ایرانی ساختہ شہد ڈرون داغے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی فضائیہ نے چھ کالیبر، دشمن کے 31 شہد 136/131 حملہ آور ڈرون اور ایک جاسوس یو اے وی کو تباہ کیا۔
کالیبر کروز میزائل اور کامیکازے ڈرونز کی اکثریت جنوب میں اوڈیسا اور میکولائیو علاقوں میں تباہ کردی گئی، جبکہ باقی حملے کرنے والے یو اے وی ڈونیٹسک، کھارکیو اور ڈنیپروپیٹرووسک کے علاقوں میں تباہ ہوئے۔
فضائیہ کا کہنا ہے کہ کالیبر کروز میزائل بحیرہ اسود میں روسی فریگیٹ سے داغے گئے تھے اور شہد ڈرون روس کے زیر قبضہ کرائمیا سے داغے گئے تھے۔