پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کراچی میں تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا ہے۔
کیمپ میں کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد سمیت 16 کھلاڑی شامل ہیں، حسن علی اور شان مسعود کل کیمپ میں شامل ہوں گے۔
ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود اسپنر زاہد محمود اور ساجد علی کو بھی کیمپ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ذاتی وجوہات کی بنا پر کیمپ کے پہلے سیشن میں شرکت نہیں کرسکے تاہم توقع ہے کہ وہ بعد میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔
ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں، بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹک نے پریکٹس کے دوران بلے بازوں پر پوری توجہ دی، مزید برآں فیلڈنگ کوچ آفتاب خان نے کھلاڑیوں کی کیچنگ پریکٹس کی نگرانی کی۔
کھلاڑیوں کو جمعہ کی شام اسلام آباد میں حارث رؤف کی شادی میں شرکت کے لیے کیمپ چھوڑنے کی اجازت ہوگی، وہ ہفتہ کو کراچی میں دوبارہ جمع ہوں گے اور اسی دن دبئی کے راستے سری لنکا روانہ ہوں گے۔
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد ہریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود ٹیم میں شامل ہیں۔