نیویارک (شوبز ڈیسک): ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی نےکہا ہےکہ انسانی حقوق کے معاملے پر دنیا دوغلے پن کا شکار ہے۔ایک انٹرویو میں انجلینا جولی نے انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا کے دوغلے پن اور امتیازی سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ انسانی حقوق کے پیمانے ہر ایک کے لیے الگ ہیں، حقیقت یہ ہےکہ دنیا کاروباری مفاد پرکام کرتی ہے۔
انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کبھی کچھ لوگوں کے لیے ہوسکتے ہیں تو کچھ لوگوں کبھی نہیں ہوسکتے،کچھ لوگوں کے جرم کے لیے احتساب ہے تو کچھ کے لیے بالکل نہیں، یہ دنیا کا بدصورت چہرہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں دنیا کے کسی ملک کو نہیں جانتی جو ان چیزوں سے پاک ہو ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ نوآبادیاتی نظام کا خاتمہ ہوگیا ہے لیکن حقیقت یہ ہےکہ ترقی پذیر ممالک کو کنٹرول کرنا اور ان کا استحصال ابھی بھی جاری ہے۔
خیال رہےکہ اس سے قبل انجیلینا جولی غزہ میں اسرائیلی بمباری کی بھی شدید مذمت کر چکی ہیں۔
اپنے بیان میں ہالی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں جو کچھ ہوا وہ غزہ کی شہری آبادی پر بمباری کا جواز نہیں ہو سکتا، چند ٹرک غزہ کی امدادی ضروریات پوری نہیں کرسکتے۔
انجیلینا جولی کا مزید کہا کہ غزہ کی کل آبادی 20 لاکھ ہے جن میں آدھے بچے ہیں، جو دو دہائیوں سے محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔