ممبئی (شوبز ڈیسک): معروف بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر نے بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کی بلاک بسٹر ایکشن فلم ‘انیمل’ کی کامیابی کو معاشرے کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر نے حال ہی میں ایک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر، اس فلم کے سین کا حوالہ دیتے ہوئے فلم کی کامیابی پر کڑی تنقید کی۔
جاوید اختر نے کہا کہ “یہ وقت نوجوان فلمسازوں کے لیے امتحان کا وقت ہے، اُنہیں سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی فلم میں کونسے ایسے کردار تخلیق کریں جس سے معاشرہ اُن کی تعریف کرے”۔
اُنہوں نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر کہا کہ “ایک فلم ہے جس میں ایک مرد کسی عورت سے اپنا جوتا چاٹنے کا مطالبہ کرتا ہے، فلم میں مرد کہتا ہے کہ عورت کو مارنا بالکل ٹھیک ہے اور اگر یہ فلم سُپر ہٹ ہوجائے تو یہ معاشرے کے لیے خطرناک ہے”۔
جاوید اختر نے یہ بھی کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ فلمی شائقین کو یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ کس طرح کی فلمیں بننی چاہئیں اور یہ فیصلہ بھی شائقین کو ہی کرنا ہوگا کہ فلموں میں کونسی اختلاقیات کو دکھانا چاہیے، جب شائقین غلط چیز دیکھنا پسند نہیں کریں گے تو فلمساز بھی ایسی فلمیں نہیں بنائیں گے جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو”۔
اُنہوں نے کہا کہ “آج ہمارا معاشرہ اُلجھن کا شکار ہے، ہمیں یہی نہیں معلوم کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط، جب تک معاشرہ صحیح اور غلط کو نہیں پہچانے گا تب تک مصنفین عظیم کردار نہیں بنا سکیں گے”۔
جاوید اختر نے مزید کہا کہ “پہلے زندگی سادہ تھی، امیر لوگوں کو برا سمجھا جاتا تھا اور غریبوں کو اچھا سمجھا جاتا تھا لیکن آج ہم سب کے ذہن میں یہی سوچ ہے، ‘کون بنے گا کروڑ پتی؟’ اس لیے ہم امیر لوگوں کو برا نہیں دکھا سکتے کیونکہ ہم خود امیر بننا چاہتے ہیں، تو ہم کس کو برا کہیں؟”
واضح رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔