ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ اپنی ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیروانی گردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) اور اکال تخت نے فلم پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم سکھوں کی کردار کشی کر رہی ہے اور ان کے خلاف ایک خاص بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایس جی پی سی کے سربراہ ہرجندر سنگھ دھامی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ماضی میں بھی سکھ برادری کو فلموں میں غلط انداز میں دکھایا گیا ہے جس سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انہوں نے سینسر بورڈ پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے فلم پر فوری پابندی کی درخواست کی اور سینسر بورڈ میں سکھ ممبران کو شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اکال تخت کے رگبیر سنگھ نے بھی فلم پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ فلم میں سکھوں کو ’جان بوجھ کر علیحدگی پسند‘ دکھایا گیا ہے، جو کہ ایک گہری سازش کا حصہ ہے اور کنگنا رناوت کی فلم سکھ برادری کی توہین کرتی ہے۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے 2021 میں فلم ’ایمرجنسی‘ کا اعلان کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ یہ فلم ایک سیاسی ڈرامہ ہے، فلم کئی بار ملتوی ہونے کے بعد بالآخر 6 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔