بینکاک (ویب ڈیسک): سالوں قبل ایک ہالی ووڈ فلم کافی مشہور ہوئی تھی جس کا نام ’ Snakes on a Plane ‘ تھا۔ تھائی لینڈ کی ایک فلائٹ میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا جب دورانِ پرواز مسافروں کے قریب سانپ نکل آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مسافروں کے سروں پر بنے ایک خانے پر سانپ رینگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔واقعہ تھائی لینڈ کی ایئر ایشیا کی پرواز میں پیش آیا جو بنکاک سے فوکٹ جا رہی تھی۔ دورانِ پرواز ایک مسافر کی جانب سے توجہ دلائے جانے پر فلائٹ اٹینڈنٹ فوری کارروائی کرتے ہوئے سانپ کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔
ویڈیو میں عملے کو دیکھا جا سکتا ہے جو شروع میں سانپ کو پلاسٹک کی بوتل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے لیکن آخر میں بوتل کا استعمال کرتے ہوئے سانپ کو پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال دیتا ہے۔
ایئر ایشیا تھائی لینڈ کے کارپوریٹ سیفٹی کے سربراہ، فول پومپوانگ نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ واقعہ فلائٹ FD3015 پر پیش آیا جو بنکاک کے ڈان میوانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔
سربراہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پرواز کے فوکٹ میں اترنے سے پہلے ایک مسافر نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو مطلع کیا کہ سامان رکھنے کی جگہ پر ایک سانپ موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر ایشیا کے عملے کو اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اچھی تربیت دی جاتی ہے، فلائٹ اٹینڈنٹ نے سانپ کو پکڑنے سے پہلے احتیاطی تدابیر کے طور پر مسافروں کو دوسری طرف منتقل کردیا جس کے انہوں نے سانپ کو بغیر کسی خطرے کے باآسانی پکڑلیا۔