وفاقی حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے منصوبوں کے لیے 6 ارب روپے کی تجویز دی ہے۔
پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال میں 30 جاری سکیموں کے لیے 5 ہزار 990 ملین روپے کی رقم تجویز کی ہے، 2023-24 میں ایک نئے منصوبے کے لئے 10 ملین روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔
سمارٹ آفس وفاقی وزارتوں اور محکموں کے منصوبے کے لیے 23 کروڑ روپے جبکہ آئی ٹی سرٹیفکیشن منصوبے کے لیے 15 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے پاکستان میں کرائم اینالٹکس اور اسمارٹ پولیسنگ کے لیے 5 کروڑ روپے اور ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے لیے سائبر سیکیورٹی کے لیے 54 کروڑ 80 لاکھ روپے تجویز کیے ہیں۔
وفاقی حکومت نے طلب پر مبنی صنعت کے معیار اور استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں کے لئے 190 ملین روپے تجویز کیے ہیں جبکہ 25 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے منصوبوں کے لئے 250 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کلاؤڈ بیسڈ سروسز کی فراہمی کیلئے ڈیٹا سینٹر کے قیام کیلئے 33کروڑ 70لاکھ روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔
کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے 160 ملین روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے سی این او پاک سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کیلئے 150.7 ملین روپے کی تجویز دی ہے۔
حکومت نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ سروسز کی توسیع کے لئے 397 ملین روپے جبکہ جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کمپلائنس مینجمنٹ سسٹم کے لئے 50 ملین روپے کی تجویز پیش کی ہے۔
کراچی اور اسلام آباد میں ہائی امپیکٹ بوٹ کیمپ منصوبے کے لیے 22 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہائبرڈ پاور سلوشنز کے لئے 300 ملین روپے کی سفارش کی ہے جبکہ آئی سی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے لئے 180 ملین روپے اور این آئی سی پروگرام کی توسیع کے لئے 150 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کیلئے 90 ملین روپے اور ایک مریض اور ایک آئی ڈی پراجیکٹ کیلئے 45.8 ملین روپے تجویز کئے گئے ہیں۔
مزید برآں پریزیڈنٹ انیشی ایٹو فار سائبر ایفیشنٹ پارلیمنٹ کے لئے 500 ملین روپے اور پراجیکٹ مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سیل کے لئے 93.6 ملین روپے کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کی اسٹینڈرڈائزیشن کیلئے 80 ملین روپے اور آئی سی ٹی انفراسٹرکچر منصوبے کی مضبوطی کے لئے 20.2 ملین روپے کی تجویز دی ہے۔