اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں (ایل ای اے) نے اسلام آباد کے خودکش حملے میں مبینہ طور پر ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، ایل ای اے نے تقریبا چار سے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان کے ہینڈلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ٹیکسی ڈرائیور ‘بے قصور تھا اور حملے میں ملوث نہیں تھا کیونکہ مشتبہ افراد نے اس سے ٹیکسی کرایے پر لی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کرم ایجنسی سے راولپنڈی گئے تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے آئی 10 سیکٹر میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد دہشت گرد حملے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کیا تھا۔
کیپٹل پولیس کی جانب سے پیش کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق اسلام آباد میں 25 مختلف مقامات پر عارضی سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ سیف سٹی کیمرے ریڈ زون کے داخلی راستوں کو ریکارڈ کریں گے۔