کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے صوبے کی سرکاری زمینوں پر قبضے کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ قبضے ختم کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرکے رپورٹ پیش کریں۔
سینئر ممبر لینڈ یوٹیلائزئشن نے عدالت سے استدعا کی کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے لیے رینجرز کو بھی مدد کے لیے ہدایات دی جائیں، جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اگر آپ کی پولیس اس قابل نہیں تو محکمہ ختم کر دیں، ہر کام میں رینجرز کیوں مدد کرے گی؟
عدالت نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ تمام ایس ایس پیز کو ڈپٹی کمشنرز کی معاونت اور فورس فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، ہوم سیکرٹری رینجرز کو بھی معاونت کی ہدایت جاری کریں۔
سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 6 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔