سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو فوری حکم امتناع دینے سے انکار کردیا۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کی درخواست مسترد کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل پر سماعت ہوئی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی ریلیف مانگا گیا وہ دے دیا گیا، یہ حیران کن ہے کہ آپ نے پھر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
خواجہ حارث نے کہا کہ اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سنیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، یہ ممکن ہے کہ ہائی کورٹ مانگی جانے والی راحت دے۔
خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری نہیں کیا اس لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
اس کے بعد عدالت نے متعلقہ فریقین کو جمعہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے لیے نوٹس جاری کیے۔