سپریم کورٹ نے ملک بھر میں عام انتخابات ایک ساتھ کرانے کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت دوبارہ شروع کردی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
بدھ کو عدالت نے وزارت دفاع کی جانب سے ملک بھر میں عام انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواست پر بڑی سیاسی جماعتوں کو آج کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔
سماعت شروع ہوتے ہی اٹارنی جنرل کی درخواست پر عدالت نے 15 منٹ کا وقفہ لے لیا۔
عدالت نے سیاسی جماعتوں کو اپنے نامزد رہنماؤں کے ذریعے کارروائی میں حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) کو نوٹس ز جاری کردیے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کے بعد منظوری لی جائے گی، اس کے بجائے معاملہ پارلیمنٹ کو بھیج دیا گیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا یہ صرف انتخابات کے لیے ہوتا ہے، یا عام حالات میں بھی ہوتا ہے؟۔