کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں الیکشن ملتوی ہونے کی قرارداد سے متعلق سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز جاری کردیا۔اعلامیے کے مطابق ینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر پارٹی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے جاری کیا۔شوکاز میں کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی لیڈرشپ کی ہدایات اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی، واضح کریں کیوں آپ نے قرارداد کی حمایت کی اور حمایت میں تقریر بھی کی؟
نوٹس کے متن کے مطابق آپ کو معلوم ہے 8 فروری کے انتخابات کیلئے پارٹی پرعزم ہے، اس کے باوجود آپ نے قرارداد کی حمایت کیوں کی؟ لہٰذا ایک ہفتے میں جواب دیں۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھاکہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں قرارداد کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے قرار داد کے وقت ایوان میں موجود پیپلز پارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی سے وضاحت لینے کا بھی اعلان کیاتھا۔
خیال رہے کہ ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے سینیٹ اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے، خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے الیکشن التوا کی قرارداد پیش کی، قرارداد کی بی اے پی ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے حمایت کی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی، ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے رکن افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی۔