بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر سدھیر نائک مختصر علالت کے بعد ممبئی میں انتقال کر گئے، وہ 78 سال کے تھے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھیر نائیک کو 24 مارچ کو اپنے گھر پر گرنے کے بعد ممبئی کے ایک نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی رات ان کی طبیعت بگڑ گئی اور ان سے ملنے والوں کو بتایا گیا کہ اگلے 72 گھنٹے نازک ہوں گے۔
ممبئی کے سابق کپتان کے پسماندگان میں ایک بیٹی ہے جو آسٹریلیا میں رہتی ہے۔
نائیک نے 1974 سے 1975 کے درمیان ہندوستان کے لئے تین ٹیسٹ اور دو ایک روزہ میچ کھیلے۔
انہوں نے 85 فرسٹ کلاس میچ کھیلے اور 35.29 کی اوسط سے 4376 رنز بنائے، جس میں ناٹ آؤٹ 200 کا ٹاپ اسکور اور ڈبل سمیت سات سنچریاں شامل ہیں۔
اس کرکٹر نے 1970-71 میں رنجی ٹرافی جیتنے والی ممبئی کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے قومی شہرت حاصل کی، نائیک وانکھیڑے اسٹیڈیم کے چیف کیوریٹر بھی تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سدھیر نائک کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔