وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے 800 سی سی سے کم انجن والی گاڑیاں رکھنے والوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ امیر لوگ پیٹرولیم مصنوعات کے لیے 100 روپے اضافی ادا کریں گے، جبکہ غریبوں کو اتنی ہی رقم کا ریلیف ملے گا۔
حکومت ممکنہ طور پر آنے والے ہفتے کے اندر اس عملدرآمد کے منصوبے کی تفصیلات ظاہر کرے گی۔
اس کے علاوہ حکومت کم آمدنی والے گروپوں کے لئے گیس کی قیمتوں میں بھی سبسڈی دے گی۔
اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پیٹرولیم ریلیف پیکج کے تحت کم آمدنی والے غریب افراد کو 50 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
ریلیف پیکج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ریلیف کم آمدنی والے صارفین کو دیا جائے گا، جن کے پاس موٹر سائیکلیں، رکشے، 800 سی سی اور دیگر چھوٹی گاڑیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کا پروگرام جلد شروع کیا جائے گا اور سبسڈی پروگرام کے موثر نفاذ کیلئے متعلقہ محکموں کے تعاون سے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلیں، رکشے اور چھوٹی کاریں کم آمدنی والے لوگ استعمال کرتے ہیں اور پیٹرولیم سبسڈی سے غریبوں کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لئے کوشاں ہے۔