کراچی(ویبڈیسک): محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ طاقتور مون سون ہوائیں 28 جولائی کی رات سے سندھ میں داخل ہونےکا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جولائی کی شام سے 30جولائی تک سندھ کے مختلف شہروں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، سجاول اور دیگر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 29 سے 30 جولائی کو کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دیگر مقامات پربارش کا امکان ہے جب کہ کراچی میں اتوار اور پیر کو درجہ حرارت میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے، اس دوران درجہ حرارت 34 سے36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار کو مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنےکا امکان ہے، شہر میں کل شام یا رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، پیر سے منگل کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، بادلوں کی موجودگی کے باعث آج شہر میں بوندا باندی اوربارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر کا کم سےکم درجہ حرارت 29.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 11کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہی ہیں۔