وفاقی دارالحکومت میں خود کش حملے کے بعد اسلام آباد پولیس نے منگل کے روز موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایک “خصوصی سیکیورٹی پلان” جاری کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس منصوبے کو شیئر کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کم از کم 25 عارضی سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
حکام ریڈ زون کے داخلی راستوں کو ریکارڈ کرنے کے لئے سیف سٹی کیمروں کا استعمال کریں گے جبکہ میٹرو بس سروس کے مسافروں کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی جائے گی۔
پولیس نے رہائشیوں اور غیر ملکیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔ رہائشیوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ گاڑیوں پر ایکسائز آفس کی جاری کردہ نمبر پلیٹیں استعمال کریں۔
Special security plan Issued in view of current security situation in Islamabad. Temporary security check posts have been established at 25 different locations in Islamabad. Red zone entrances will be recorded by Safe City cameras.Metro service passengers video will be recorded⬇️
— Islamabad Police (@ICT_Police) December 27, 2022
پولیس نے خبردار کیا کہ غیر قانونی نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قریبی تھانے یا خدمت مرکز میں کرایہ داروں اور ملازمین کا اندراج کریں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیر ملکی کارکنوں کو ملازمت دینے والے شہریوں سے بھی تفتیش کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع اپنی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔