ویلنسیا- اسپین (ویب ڈیسک): اسپین کے مشرقی شہر ویلنسیا میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کم از کم 14 افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ویلنسیا کے ایمرجنسی سروسز حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کثیر المنزلہ عمارت میں آگ شام ساڑھے پانچ بجے چوتھی منزل پر لگنا شروع ہوئی جو تیزی سے عمارت میں موجود دیگر فلیٹس میں پھیلتی گئی۔
عینی شاہدین اور ایمرجنسی سروسز حکام کا کہنا ہے کہ مغربی ویلنسیا کے علاقے کیمپنار میں لگنے والی آگ کے شعلوں اور کالے دھوئیں کے بادلوں کو دور تک دیکھا گیا۔
عمارت کی دوسری منزل پر رہنے والے ایک شخص نے نجی میڈیا کو بتایا کہ آگ کے شعلے بہت تیزی سے پھیلے، شاید اس کی وجہ عمارت کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مواد پولی یوریتھین ہو سکتا ہے۔
اسپین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق 14 منزلہ عمارت میں 130 سے زائد فلیٹس تھے، آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کی 22 ٹیمیں مصروف عمل ہیں، فائر فائٹرز نے کرین کا استعمال کرتے ہوئے کئی رہائشیوں کو بچا لیا ہے تاہم کچھ لاپتہ بھی ہیں۔