(ویب ڈیسک): دی ہیگ: اسرائیل نے جنوبی افریقا پر عالمی عدالت انصاف میں غلط دعوے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں غزہ کے معاملے پر جنوبی افریقا کی درخواست پر سماعت کے دوران اسرائیل نے الزام عائد کیا کہ جنوبی افریقا حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ وہ جنوبی غزہ اور رفح میں اسرائیل کی فوجی مہم کو روک سکے۔
عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کی درخواست پر دو روزہ سماعت ہوئی جس میں جنوبی افریقا کے وکلا نے عدالت میں کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
جمعہ کو روز ہونے والی سماعت میں اسرائیل کے وکلا نے اپنے دلائل پیش کیے جس میں اسرائیل نے جنوبی افریقا کے عالمی عدالت انصاف میں اپنائے گئے مؤقف کو مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ جنوبی افریقا نے غزہ اور فلسطینیوں کے حوالے سے غلط دعوے کیے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا نے ایک نئی درخواست بھی دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل پریہ زور دیا جائے کہ وہ غزہ میں امدادی ورکروں، صحافیوں اور تفتیش کاروں کو آزادانہ رسائی دے۔
جنوبی افریقا کے وکلا کا کہنا تھا کہ رفح میں آپریشن اسرائیل کا غزہ اور فلسطینیوں کی تباہی کے لیے آخری قدم ہے، یہ رفح ہی تھا جو جنوبی افریقا کو عدالت تک لے آیا لیکن بطور قوم فلسطینیوں کو قتل عام سے مکمل نسلی اور گروہی تحفظ کی ضرورت ہے جس کا حکم عدالت جاری کرسکتی ہے۔