(ویب ڈیسک): بالی وڈ میں اداکاری کے بادشاہ امیتابھ بچن نے تمام شادی شدہ جوڑوں کو زندگی میں رومانس قائم رکھنے کے لیے دلچسپ مشورہ دیا ہے۔گزشتہ ایک سال سے ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان طلاق کی افواہیں سرگرم تھیں کیونکہ دونوں کو ہر ایونٹ میں علیحدہ علیحدہ شرکت کرتے دیکھا گیا، اس کے علاوہ دونوں کی جانب سے اختیار کی جانے والی خاموشی بھی تشویش کا سبب تھی۔
تاہم کچھ دن قبل ہی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ابھیشیک بچن نے بالی وڈ یُوکے میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے گزشتہ کئی عرصے سے گردش کرنے والی طلاق کی خبروں سے متعلق سوال کیا گیا۔
ابھیشیک نے ایشوریا کے ساتھ طلاق کی خبروں پر آخر کار خاموشی توڑ دی
اداکار نے سوال کا جواب دیا اور کہا ‘اس حوالے سے میرے پاس زیادہ کچھ کہنے کو نہیں ہے، آپ لوگ خبر کو کوئی اور رنگ ہی دے دیتے ہیں، ظاہر ہے میں سمجھتا ہوں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے’
اس دوران اداکار نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا ‘دیکھیں، میں اب تک شادی شدہ ہوں’۔
اب امیتابھ بچن نے اپنے پروگرام ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ میں دنیا بھر کے میاں بیوی کو اچھی ازدواجی زندگی کے لیے مشورہ دیا۔
شو میں ایک میاں بیوی آئے ہوئے تھے اور شوہر نے بتایا کہ وہ لوگ 25 سال سے شادی شدہ ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں، وہ جہاں جاتے ہیں ریلز (مختصر ویڈیو) بنالیتے ہیں۔
اس پر امیتابھ بچن نے کہا ‘یہ آپ نے بہت اچھا آئیڈیا دیا، میرا بھی یہ ہی مشورہ ہے کہ رشتے میں رومانس کو قائم رکھنے کے لیے میاں بیوی کو چاہیے کہ جہاں جائیں وہاں ویڈیو بنالیں، یعنی گھومنے جائیں تو ریل لازمی بنائیں’۔