لاہور (ویب ڈیسک): نگران پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ کے پیشِ نظر جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔اسموگ نے لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر بنادیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعے کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں اسموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کر دیا۔محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 10 نومبر جمعے کو دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمعہ ہفتہ اتوار کو شادی گھر کھلے رہیں گے جبکہ پارک بند رہیں گے ، بیکریاں اور فارمیسیز ، ٹیک اوے ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیکٹریاں بند نہیں کر رہے، اگر عام مزدور کا چولہا چار دن بند کریں گے تو مسئلہ ہو گا، ہم ایک چھٹی کا اعلان کر رہے ہیں اور بہت سوچ سمجھ کر رہے ہیں، جمعہ کو اسکولوں میں ویسے ہی آدھا دن ہوتا ہے، ہفتے کو مارکیٹیں بند ہوں گی، تاجرجمعہ کو مناسب سمجھیں گے تو بند کر دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت میں جلائی جانے والی فصلوں کی باقیات کا سارا اثر پاکستانی پنجاب پر آرہا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مقصد یہ ہے کہ اسموگ کو نیچے لے آئیں، ختم کرنا ممکن نہیں، بارش زیادہ ہوتی ہے تو اس سے بھی اسموگ پرفرق پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں نئی دلی میں بھی اسکول بند کیے گئے، سخت فیصلے انہیں بھی کرنے پڑے، ہم ان شہروں کو بھی مانیٹر کر رہے ہیں جہاں سخت اسموگ ہے، اگر آپ ان تین چار دنوں میں لاہور میں رہنا چاہتے ہیں تو گھروں میں رہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام ماسک ضرور پہنیں،بچوں اور بزرگوں کو ماسک ضرور پہنائیں۔