واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے سیکیورٹی کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے باعث درمیانی اور نچلی سطح کے انتظامات کے لیے اپنے دفاتر میں اسمارٹ فونز پر پابندی عائد کردی ہے۔
سیکریٹری واپڈا نے 14 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صرف جنرل منیجر اور اس سے اوپر کے رینک کے افسران کو دفتر کے احاطے میں اسمارٹ فون (اینڈروئیڈ/ آئی او ایس) لے جانے کی اجازت ہوگی۔
یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور تھریٹ الرٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے، اس ہدایت کو نافذ کرنے کی ذمہ داری جنرل منیجر (سیکیورٹی) کو تفویض کی گئی ہے۔
ملازمین کو فوری طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کام کی جگہ پر اسمارٹ فون لانے سے گریز کریں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس ہدایت کی خلاف ورزی پر واپڈا کارکردگی اور نظم و ضبط (ای اینڈ ڈی) رولز 1978 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
تاہم اس حکم کا اطلاق محکمہ تعلقات عامہ، پروٹوکول ڈپارٹمنٹ، سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ اور واپڈا سیکریٹریٹ کے افسران پر نہیں ہوگا۔
ایک اور سرکلر میں واپڈا نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرکاری دستاویزات بار بار شیئر کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لہذا، تمام جنرل مینیجرز کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے ماتحت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں سے پرہیز کریں، بصورت دیگر متعلقہ ضابطہ اخلاق اور سائبر قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔
واپڈا ملازمین نے کام کی جگہ پر اسمارٹ فون پر پابندی کے نفاذ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کا آمرانہ اور مضحکہ خیز فیصلہ قرار دیا ہے۔
دوسری طرف، انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ قدم انٹرپرائز سیکیورٹی کو برقرار رکھنے اور ملازمین کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے اہم ہے۔
یہ پابندی اسمارٹ فون کیمروں اور مائیکروفونز کے ذریعے حساس ڈیٹا کی نادانستہ یا دانستہ خلاف ورزی کو روکنے کے لئے ضروری ہے۔