عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لوگوں کو گرفتار کرنے سے نفرت پھیلے گی جبکہ مذاکرات وقت کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 13 جماعتوں کے سربراہان اور رہنما عوام کو معاشی اذیت میں دھکیل کر اور نگران حکومت کو اس کا ذمہ دار قرار دے کر ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
ان رہنماؤں میں سے ایک لندن، دوسرا دبئی جبکہ تیسرا سعودی عرب میں تھا۔ اور غریب لوگ سڑکوں پر )احتجاج( کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری برادری بھی مالی مشکلات کا شکار ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکمران 48 گھنٹے میں بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ایک ہفتے بعد بھی صورتحال برقرار ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ مظاہرین کو گرفتار کرنا وقت کا ضیاع ہے، اس سے (حکومت کے خلاف) نفرت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مذاکرات شروع کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ مذاکرات سے بحران حل ہوجائے گا، سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ سخت کارروائی مسائل کا حل نہیں ہے۔ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے، افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔