وزیراعظم شہباز شریف نے امپائر علیم ڈار کی بین الاقوامی کرکٹ میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ان پر فخر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے قابل قدر خدمات پر امپائر علیم ڈار کا شکریہ ادا کرتا ہے، جنہوں نے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز سے استعفیٰ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے تمام فارمیٹس میں ان کی بے مثال امپائرنگ نے دنیائے کرکٹ میں تعریف حاصل کی ہے، پاکستان کو ان پر فخر ہے۔
54 سالہ علیم ڈار نے 435 ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے، جس میں چار ورلڈ کپ فائنل بھی شامل ہیں۔
علیم ڈار نے اپنے طویل کیریئر میں ریکارڈ میچوں میں امپائرنگ کرنے کے بعد آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز سے استعفیٰ دے دیا۔
علیم ڈار ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ امپائر ہیں، انہوں نے اپنے طویل اور ممتاز کیریئر میں مردوں کے 435 بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔
انہوں نے 2000 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور دو سال بعد آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل ہوئے۔
2004 ء میں وہ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔