وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں خصوصا صحت اور تعلیم سے متعلق منصوبوں کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور عوام کے بہترین مفاد میں ان پر عمل درآمد کیا جائے۔
راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (آر آئی یو ٹی) کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کسی حکومت کے منصوبوں کو سیاسی رنگ دینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے آئین کے مناسب نفاذ کے لئے متحد ہو جائیں۔
انہوں نے ہسپتال کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا، جہاں مریضوں کو ڈائیلاسز، گردے کی بیماریوں اور سرجری کے شعبوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے ہسپتال کو موثر انداز میں چلانے پر پنجاب حکومت کی تعریف کی اور ڈاکٹروں اور نرسوں کی لگن کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آر آئی یو ٹی پر اب تک 5 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں اور انہوں نے 2012 میں ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پچھلی حکومت نے اس منصوبے میں تاخیر کی، جسے بصورت دیگر بہت پہلے آپریشنل کیا جا سکتا تھا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے ایک سابق چیف جسٹس کی جانب سے لگائے گئے الزامات نے لاہور میں گردے اور جگر کی پیوند کاری کے اسپتال پر کام روک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور سماجی کاموں کی اس طرح کی حوصلہ شکنی نے عام لوگوں کے لئے شہری سہولیات کی فراہمی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ایک عظیم مقصد ہے جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگ کوششوں کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے آر آئی یو ٹی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مریضوں کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔