ملتان: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چار سال چور اور ڈاکو میں ضائع کیے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر نشتر ہسپتال 2 کے معائنے اور منصوبے پر بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار میں لایا گیا، پچھلی حکومت نے ہسپتال کی تعمیر و بہتری کے لئے فنڈز جاری نہیں کیے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہئے، پی ٹی آئی انتقامی سیاست میں مصروف رہی اور دکھی انسانیت کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے نشتر ہسپتال کے عملے کی ملتان کے عوام کی خدمت پر ان کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہسپتال کے لیے آلات درآمد کر لیے گئے ہیں اور یہ منصوبہ ستمبر کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے کے عوام کے لیے انتھک خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان بھی موجود تھے۔