وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات آزادی اظہار رائے کے دائرے میں نہیں آتے۔
وزیر اعظم ہاؤس (پی ایم او) کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں وزیر اعظم نے اس گھناؤنی مہم کو 9 مئی کے آتشزنی کے واقعے کے پیچھے سازشی ذہنوں کی مذموم منصوبہ بندی سے منسوب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کو کچلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ہینڈلرز کو واضح پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور مسلح افواج کے خلاف جاری میڈیا مہم اسی مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا مہم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات آزادی اظہار کے دائرے میں نہیں آتے۔
انہوں نے اس مہم کو محض ایک سازش قرار دیا جسے سختی سے روکا جانا چاہئے اور اس بات پر زور دیا کہ ایسا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے قوم کو یقین دلایا کہ جس طرح 9 مئی کو خانہ جنگی کی سازش کو ناکام بنایا گیا تھا اسی طرح اس گھناؤنے منصوبے کو بھی ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مایوس عناصر کو مایوسی سے ملک میں نیا بحران پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قوم پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہو جائیں۔