وزیراعظم شہباز شریف نے درخواست دہندگان کی سہولت کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مراکز پر پاسپورٹ جاری کرنے والے افسران کے کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے کہا کہ وہ اس تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے وسائل کا اشتراک کریں۔
انہوں نے پاسپورٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) تک بلا تعطل رسائی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ قومی خزانے پر بوجھ بھی کم ہوگا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پہلے سے منظور شدہ تمام نئے پاسپورٹ دفاتر نادرا مراکز میں کاؤنٹرز کے طور پر قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے نادرا کی موبائل وینز کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شناختی کارڈ کے درخواست دہندگان کو گھر تک خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شناختی کارڈ ز کی تجدید کے لیے نادرا صارفین کے لیے نئی موبائل فون ایپلی کیشن لانچ کرنے والا ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور سینئر حکام نے شرکت کی۔