کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک سال ہوا چاہتا ہے کہ ایک نااہل شخص کو تحریکِ عدم اعتماد کے آئینی راستے سے ہٹایا گیا جبکہ اس سے پہلے وزرائے اعظم کو غیر قانونی طریقوں سے اقتدار سے بیدخل کیا گیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی طریقے سے ہٹایا جانے والا شخص پاکستان کو آج دن تک نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس شخص کی نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے عوام اور ادارے سب کو مسائل کا سامنا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آیا اور اس شخص پر اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام بھی ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک میچ فکس نہ ہو عمران خان میچ نہیں کھیلتا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے کے پی کے ، بی آر ٹی کی انویسٹی گیشن کی ہدایت کی، لیکن اس کیس کو آگے سے اسٹے مل گیا۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ قاسم سوری کی سیٹ پر دوبارہ الیکشن کا فیصلہ ہوا لیکن اسے بھی اسٹے مل گیا، پسند و ناپسند کی بنیاد پر لاڈلے کی کرپشن پر پردہ ڈالا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی عمران خان کی جماعت نے ڈیلئنگ ٹیکٹکس کا سہارا لیا۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ سمجھا جائے عمران خان کے خلاف انویسٹی گیشن نہیں ہوسکتی؟
انہوں نے کہا کہ تمام صحافی اور وکلاء گریٹ ڈیبیٹ کریں اور دیکھیں کہ عمران خان کو رعایتییں اور صادق و امین کے سرٹیفیکیٹس دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اب حقیقت اور دلیل کی بنیاد پر فیصلہ ہونا چاہئے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر وقت الیکشن کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر ائینی، غیر قانونی فیصلے کئے جارہے ہیں۔