اسلام آباد (ویب ڈیسک): قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد شہباز شریف کے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔یوٹیفکیشن کے مطابق میاں محمد شہبازشریف نے 201 ووٹ حاصل کرکےکامیابی حاصل کی۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے نوٹیفکیشن گزٹ آف پاکستان میں اشاعت کے لیے بھی بھجوادیا ہے۔
خیال رہے آج قومی اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں شہباز شریف نے 201 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک دی ہے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف اور پاکستان کی نئی حکومت کی قیادت میں اور تمام شعبہ ہائے زندگی کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان قومی ترقی کے سفر میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔
چینی صدر نے زور دیا کہ چین اور پاکستان کو اپنی روایتی دوستی کو برقرار رکھنا چاہیے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے۔
چینی صدر نے دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک شراکت کو مزید گہرا کرنے بھی زور دیا۔