لاہور (شوبز ڈیسک): پاکستان کے سینئر اداکار توقیر ناصر نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ شاہ رخ خان نے اپنی فلم’ کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں میرے ایک ڈرامہ کردار کو کاپی کیا اور ڈائریکٹر کرن جوہر کی جانب سے اس کا کریڈٹ بھی نہیں دیا گیا۔اداکار توقیر ناصر حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے تھے جس دوران توقیر ناصر نے اپنے فلمی کیرئیر سمیت بالی وڈ سے آنے والی آفرز حتیٰ کہ بالی وڈ شخصیات کی جانب سے ملنے والے پیغامات اور پسند کا بھی اظہار کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’مجھے شاہ رخ کے میسیج ملتے رہتے ہیں، بھیجے گئے پیغامات میں بھی وہ مجھے ناصر بھائی کہہ کر سلام بھجواتے ہیں، آخری مرتبہ اداکارہ صنم جنگ کو زور دیتے ہوئے شاہ رخ نے مجھے سلام بھجوایا تھا‘ ۔
توقیر ناصر نے مزید بتایا کہ ’شاہ رخ خان نے اپنی’ فلم کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں میرا ڈرامے پرواز کا کردار کاپی کیا ہے، ڈرامہ پرواز کے رائٹر مستنصر حسین تارڑ ہیں جس میں ہیرو کو معذوری کے سبب کمپلیکس کا شکار دکھایا گیا ہے، اس فلم کی کہانی ڈرامہ پرواز سے بے حد ملتی ہے ، فلم میں کہانی کو گلیمرائز کرکے پیش کیا گیا ہے لیکن اس فلم میں ڈائریکٹر کرن جوہر کو کریڈٹ بھی دینا چاہیے تھا جو کہ انہوں نے نہیں دیا ‘۔
بالی وڈ کی جانب آنے والی آفرز پر اداکار نے بتایا کہ ’ماضی میں indirectly بھارت سے فلمز کی آفرز آئی تھیں، بھارتی ہدایتکار ساون کمار مجھے بلانا چاہتے تھے لیکن میں نہیں گیا، ساون کمار پاکستانی ڈرامہ’ زنگار ‘ کی کہانی پر مبنی فلم بنانا چاہتے تھے لیکن میں نہیں گیا، بعد میں پتا چلا کہ اس فلم میں مادھوری کو کاسٹ کیا گیا جس پر افسوس ہوا‘۔
اداکار توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ ’لوگوں نے بتایا کہ اجے دیوگن نے اپنے ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ وہ آپ سے متاثر ہیں جسے میں نے اپنے لیے فخر سمجھا اور یہ فخر میرا اپنے اور اپنے ملک کیلئے ہے لیکن میں نے نہ انٹرویو دیکھا، نہ کبھی میری ان سے کوئی بات ہوئی‘۔