لاہور: ورلڈ کپ 2023 کے لیے قومی ٹیم کے سلیکٹرز کی جانب سے اسکواڈ پر غور جاری ہے جس کے باعث اسپنر شاداب خان کی بطور نائب کپتان پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے۔
میگا ٹورنامنٹ اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے اور توقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جمعرات تک ٹیم کا اعلان کرے گا۔
اس حوالے سے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے مشاورت کی ہے اور وہ آج لاہور میں پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کریں گے، جس کے دوران اسکواڈ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
ایشیا کپ 2023 سے گرین شرٹس کی شرمناک رخصتی نے سلیکٹرز کا کام مشکل بنا دیا ہے کیونکہ فخر زمان اور شاداب خان سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی معیار کے مطابق نہیں رہی۔
مزید برآں ریجنل ٹورنامنٹ کے بعد کے مرحلے میں کچھ کھلاڑیوں کو بھی چوٹیں آئیں جو کچھ ماہرین کے خیال میں بورڈ کی جانب سے کرکٹرز کے ورک لوڈ کی بدانتظامی کی وجہ سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق بورڈ کی جانب سے چند انتظامی تبدیلیوں پر بھی غور کیا جارہا ہے، ملاقات کے دوران چیف سلیکٹر اور کپتان نے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل اور خراب فارم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں لیکن شاداب خان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ان کی پوزیشن خطرے میں ہے۔
انہیں ڈراپ کرکے ابرار احمد کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔