بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی آج اپنی 73 ویں سالگرہ منا رہی ہیں، اس خاص موقع پر آئیے لیجنڈ کی پانچ قومی ایوارڈ یافتہ پرفارمنس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
شبانہ اعظمی بلاشبہ ہندوستانی سنیما کی بہترین صلاحیتوں میں سے ایک ہیں۔ حال ہی میں بلاک بسٹر فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی میں نظر آنے والی لیجنڈری اداکارہ نے 1974 میں شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم انکور سے اداکاری کا آغاز کیا اور بعد میں خود کو ملک میں آرٹ ہاؤس سنیما کے بانیوں میں سے ایک کے طور پر قائم کیا۔
اپنے ہم عصر وں کے برعکس جو بالی ووڈ کی بہترین ہیروئن بننے کو ترجیح دیتے تھے، شبانہ اعظمی نے ہمیشہ اداکاری پر مبنی کرداروں کا انتخاب کیا جو انہیں ایک فنکار کے طور پر چیلنج کرتے تھے۔
جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے، شبانہ اعظمی اب بھی باوقار قومی فلم ایوارڈز کی تاریخ میں بہترین اداکارہ کے زمرے میں سب سے زیادہ ایوارڈ یافتہ اداکارہ ہیں۔
انہوں نے 1975ء، 1983ء، 1984ء، 1985ء اور 1999ء میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ وہ واحد اداکارہ ہونے کا ریکارڈ بھی رکھتی ہیں جنہوں نے لگاتار تین بار نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کی ٹرافی جیتی۔