پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کی مخالفت کے باوجود سینیٹ نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی نے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی جانب سے تجویز کردہ چند ترامیم کے بعد سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 منظور کیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یہ بل قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا اور اسے دوبارہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پیش کیا تھا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کے لیے شور مچایا، انہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بل کی کاپیاں پھاڑنے کے ساتھ نعرے لگا رہے تھے۔
تاہم بل کی شق وار منظوری کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ پڑے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص طریقوں اور طریقہ کار کے لئے ایک قانون بنانا مناسب ہے۔