سندھ پولیس نے حیدرآباد میں مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے "تلاش” ایپلی کیشن متعارف کرادی ہے۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) کینٹ حیدرآباد علینا راجپر نے کہا کہ پولیس اہلکار فی الحال حیدرآباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر اس ایپ کے ذریعے مسافروں کی جانچ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایپلی کیشن پورے صوبے میں 15 لاکھ مجرموں کا ریکارڈ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پولیس کو مطلوبہ مجرموں کی فنگر پرنٹ ڈیٹا کے ذریعے تصدیق کرنے میں مدد ملی ہے۔
اگر کسی مشتبہ سے معلومات حاصل کرنا وقت لگ رہا ہو یا مشکل ہو تو یہ اقدام مددگار ہے کیونکہ تمام مجرمانہ ریکارڈ ایک ہی وقت پر ظاہر ہو جائے گا۔
اس کے ساتھ ایپلی کیشن میں پولیس کی ملازمت کا ریکارڈ بھی ہوگا، جس کے تحت جعلی اہلکاروں کی شناخت آسان ہوجائے گی۔
ایپلی کیشن میں محفوظ کیے گئے فنگر پرنٹس کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس، ڈرائیونگ لائسنس، ضمانت پر مشتبہ افراد اور نامعلوم لاشوں کی بھی شناخت کی جا سکتی ہے۔