آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں مئی 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی تیاریوں کے لیے برطانیہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ 22 سے 30 مئی تک پاکستان کی میزبانی کرے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کے لیے روانہ ہوں گی۔
میچز لیڈز (22 مئی)، برمنگھم (25 مئی)، کارڈف (28 مئی) اور اوول، لندن (30 مئی) میں کھیلے جائیں گے۔
میلبورن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
آسٹریلیا ایونٹ سے قبل پاکستان نے کراچی اور لاہور میں سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کی تھی جس میں مہمان ٹیم نے 4-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ دوسرے جبکہ پاکستان 5 پوائنٹس پیچھے چوتھے نمبر پر ہے۔
برطانیہ پہنچنے سے قبل پاکستان نیدرلینڈز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا جس کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔