اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سماعت کے آغاز پر عمران خان کی جانب سے وکیل انتظارپنجوتھا کا وکالت نامہ جمع کروایا گیا، اسپیشل پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل پیش ہوں گے تو اس کے بعد دیکھیں گے، وقفے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کرائی گئی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے حاضری سے استثنا کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے عدالت کو بتایا کہ اپنے ہی اسپتال کی میڈیکل رپورٹ لگا کر عمران خان پیش نہیں ہو رہے۔
عدالت نے وکلا کو سننے کے بعد عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست اور پراسیکیوٹر کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔