ریاض (ویب ڈیسک): سعودی عرب میں ماحول دوست یورو 5 پیٹرول اور ڈیزل متعارف کرا دیا گیا۔سعودی وزارت توانائی نے مملکت میں یورو 5 پیٹرول اور ڈیزل متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایندھن کی یہ قسم تمام ذرائع آمد و رفت کے لیے موزوں ہے اور یہ اس وقت زیر استعمال ایندھن کا متبادل ہوگی۔
وزارت توانائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ایندھن اپنی کارکردگی میں بہتر ہے اور اس کے استعمال سے کاربن کا اخراج بھی کم ہوتا ہے، ایندھن کی اس قسم کے استعمال کا مقصد ماحول کا تحفظ کرنا اور مملکت کے وژن 2023ء کے مقاصد کا حصول ہے۔
خیال رہے کہ یورو 5 معیار کا ایندھن اور گاڑیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ان کی پرفارمنس کو بھی بہترین بناتا ہے۔
یورپیئن ایمیشن اسٹینڈرڈ یا یورو 5 معیار کا مقصد صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول ایندھن تیار کرنا ہے، یورو 5 ڈیزل میں کاربن مونو آکسائیڈ 1.5 فیصد اور سلفر کی مقدار 10 پارٹ پر ملین (پی پی ایم) ہوتی ہے جبکہ یورو 2 معیار کے ایندھن میں سلفر کی مقدر 500 پی پی ایم تک جاسکتی ہے۔ اسی طرح یورو 5 معیار کے ایندھن میں دھویں کا اخراج بھی یورو 2 ایندھن کی نسبت کم ہوتا ہے۔