آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما پرویز خٹک کو خطے میں پارٹی کی حکومت ہٹانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پرویز خٹک کی مداخلت سے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہوئی۔
مظفرآباد سے ایک ویڈیو بیان میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پارٹی نے خطے میں دو بار اپنی حکومت کھودی، صدر اور اسپیکر دوبارہ منتخب ہوئے، لیکن پی ٹی آئی نے کبھی ایک بھی نشست نہیں ہاری۔
سردار تنویر الیاس نے کہا، ہم نے بلدیاتی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل اسمبلی کا کوئی رکن بیمار یا کووڈ 19 کا شکار نہیں ہوا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال سے متعلق تمام نقطے موجود ہیں اور وہ انہیں سامنے لائیں گے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔
ان پر عدلیہ کے خلاف ‘دھمکی آمیز لہجہ’ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، کارروائی کے دوران وزیر اعظم کو عدلیہ میں غلطیاں تلاش کرتے ہوئے دکھائے جانے والے کلپس چلائے گئے۔