ایک حالیہ انٹرویو میں گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
برار نے مبینہ طور پر کہا کہ اداکار ان کی “قتل کی فہرست” میں ہیں اور وہ کامیاب ہونے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
کہا جاتا ہے کہ ممبئی پولیس ان خطرات کی تحقیقات کر رہی ہے اور سپر اسٹار کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔
فی الحال سلمان خان کے پاس وائی لیول کی سیکیورٹی ہے اور ان کے ساتھ ہمیشہ گارڈز کی ایک ٹیم ہوتی ہے۔
انہوں نے مبینہ طور پر بی 6 یا بی 7 لیول کی سیکیورٹی کے ساتھ ایک نئی بلٹ پروف کار بھی خریدی ہے، چند ماہ قبل ان کی باندرہ رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی تھی۔
اپنے انٹرویو میں برار نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی سمیت ان کے گینگ کے ارکان یقینی طور پر سلمان خان کو قتل کریں گے کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر کالے ہرن کو مارنے اور ان کی توہین کرنے پر اپنی برادری سے معافی نہیں مانگی ہے۔
انہوں نے سدھو موسیوالا کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ موسیوالا کے تکبر اور سیاسی و مالی اثر و رسوخ کے غلط استعمال کی وجہ سے انہیں سبق سکھانے کی ضرورت تھی، برار نے دعوی کیا کہ موسیوالا ایک انا پرست شخص تھا اور اسے واقعی سبق سکھایا گیا تھا۔