پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل نے تجویز دی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے اپنے اسپنرز تیار کرنے چاہئیں۔
ایک انٹرویو کے دوران سعید اجمل کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ بھارت میں ہونا ہے جہاں اسپنرز ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سعید اجمل نے کہا کہ ہمارے پاس کم از کم دو سے تین اسپنرز ہونے چاہئیں، جیسے عماد وسیم، محمد نواز اور اسامہ میر، جو حال ہی میں اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔
دائیں ہاتھ کے اسپنر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے پاس نائب کپتان شاداب خان کی شکل میں ایک معیاری لیگ اسپنر ہے جو ایونٹ کے لئے اسپن ڈپارٹمنٹ کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
عماد وسیم کی شمولیت سے متعلق سوال پر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انہیں اسکواڈ میں ہونا چاہیے کیونکہ وہ تیز رنز بنانے اور نئی گیند سے بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اکثر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم کے علاوہ نئی گیند کے ساتھ جدوجہد کرتا ہے یا جب نسیم نہیں کھیلتے، ہم نے اکثر دیکھا ہے کہ انہیں نئی گیند سے نمٹنا مشکل لگتا ہے۔
سعید اجمل نے مزید کہا کہ عماد کی موجودگی سے پاکستان کو ایک ایسا بولر ملے گا جو نئی گیند سے بولنگ کرنے میں مہارت رکھتا ہے اور اکثر وکٹیں حاصل کرتا ہے جس سے ٹیم مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کے قابل ہوگی۔